دیکھی نہیں کسی نے اگر شان مصطفی ؐ
دیکھے کہ جبرئیل ہے دربانِ مصطفی
لطفِ خدائے پاک کی تصویر کھینچ گئی
پھرنے لگے جب آنکھ میں احسانِ مصطفی ؐ
پھیلا ہوا ہے اسود و احمر کے واسطے
صحنِ عرب میں تابہ عجم خوانِ مصطفی ؐ
اسلام کا زمانہ میں سکہ بٹھا دیا
اپنی مثال آپ ہیں یارانِ مصطفی ؐ
رکھے وہ یاد خسرو پرویز کا مآل
پہنچا ہے جس کے ہاتھ میں فرمانِ مصطفی ؐ
میرے ہزار دل ہوں تصدق حضورؐ پر
میری ہزار جاں ہو قربانِ مصطفی ؐ
رشتہ مرا خدا کی خدائی سے ٹوٹ جائے
چھوٹے مگر نہ ہاتھ سے دامانِ مصطفی ؐ
لائے نہ کیوں نغمہ ملائک کو وجد میں
گاتا ہے جس کو بلبلِ بستانِ مصطفی ؐ
مولانا ظفر علی خان ؒ
